ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / فکری اختلافات کے باوجود پوری دنیا کے مسلمان متحدہیں:مولاناحلیم اللہ قاسمی

فکری اختلافات کے باوجود پوری دنیا کے مسلمان متحدہیں:مولاناحلیم اللہ قاسمی

Sun, 27 Dec 2020 19:56:53  SO Admin   S.O. News Service

دھولیہ،مہاراشٹر 27دسمبر (آئی این ایس انڈیا)دنیاکی تمام قومیں اپنے لاکھ آپسی اختلاف کے باوجود مسلمانوں کے خلاف متحد و متفق ہیں۔

دنیا کی ایسی دو قومیں جن کے درمیان مذہبی اعتبار سے بہت دوری ہے۔لیکن یہ بھی مسلمانوں کے خلاف متحد و متفق ہیں۔ایسے حالات میں علماء کرام کی ذمہ داریاں عوام کی بہ نسبت زیادہ ہو جاتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے دھولیہ میں منعقدہ اجلاس بعنوان”مسلم معاشرے کے سلگتے ہوئے مسائل“میں کیا۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے فرمایا کہ دنیا کی محبت نے ہماری آنکھوں پر پردہ ڈال رکھا ہے۔ہمارا معاشرہ جنگلی درندوں اور جانوروں کی طرح ہوگیا ہے، ہم اپنے مفاد کے لئے سب کچھ کر گزرتے ہیں۔ہمیں معاشرہ کی تباہی کی کوئی فکر نہیں۔کسی کے سر کی چادر کے چھن جانے کی پرواہ نہیں،کسی کے یتیم یا بیوہ ہونے کی فکر نہیں،ہم کو صرف اپنی دنیا عزیز ہے، اپنا مفاد عزیز ہے۔

مولانا نے مزید کہا کہ ملک کے حالات اب ایسے بن گئے ہیں کہ راستہ چلتے آپ کو پکڑ لیا جائے گا اور مختلف دفعات لگادی جائے گی،اور آپ یا آپ کے متعلقین کچھ بھی نہیں کرپائیں گے۔اس لئے ہمیں  حفاظت خود اختیار ی کا پروگرام بنانا ہوگا، ترتیب بنانی ہوگی، لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔

مولانا نے یہ بھی فرمایا کہ عادت اللہ ہے کہ جو زیادہ مقرب ہوتا ہے اس کا امتحان اور آزمائش بھی اتنی ہی زیادہ سخت ہوتی ہے، ہر زمانے کے علماء نے امت کی اصلاح کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ فی الوقت ہندوستان میں بھی یہ امت ہر طرح کے داخلی و خارجی آزمائش سے گزر رہی ہے۔ دین کی خدمت کے ساتھ معاشرے کے مسائل اور سارے چیلنجوں کا بھی مقابلہ کرنا آخری نبی کے امتی ہونے کے ناطے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

اجلاس کا آغاز مولوی محمد شعیب حنیف صاحب قاسمی کی تلاوت کلام پاک اورمولوی محمد خالد کی نعت رسول ﷺ سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت مولانا ضیاء الرحمن صاحب قاسمی صدر جمعیۃعلماء  شہر دھولیہ نے فرمائی۔ اجلاس کے اغراض و مقاصدکو مولانا ہلال احمد صاحب قاسمی نے بیان فرمایا۔ بعدہ ناظم تنظیم جمعیۃعلماء مہاراشٹر حضرت مفتی حفیظ اللہ قاسمی صاحب نے مختصر وقت میں نہایت قیمتی اور اثر انگیز خطاب فرمایا۔ مفسر قرآن،شیخ الحدیث مدرسہ سراج العلوم دھولیہ مولانا مختار احمد مدنی نے رقت انگیز دعا فرمائی اور محمدیوسف پاپا سر نے تمام ہی معزز مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔


Share: